• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دل میں کینسر کیوں نایاب ہوتا ہے؟ ماہرین نے وجہ بتا دی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

دل میں کینسر کیوں نایاب ہے؟ تحقیق میں حیران کن وجوہات سامنے آگئیں۔

دنیا بھر میں کینسر ایک مہلک بیماری کے طور پر جانا جاتا ہے جو جسم کے کسی بھی حصے میں خلیوں (cells) کی بے قابو تقسیم (uncontrolled cell division) کے باعث پیدا ہوتی ہے، مگر حیران کن طور پر دل وہ عضو ہے جو کینسر سے کافی حد تک محفوظ رہتا ہے۔

تازہ ترین سائنسی تحقیق کے مطابق ہر 10 ہزار میں سے صرف 3 افراد کو دل کا کینسر لاحق ہوتا ہے، جبکہ ہر 20 میں سے ایک خاتون چھاتی کے کینسر کا شکار ہوتی ہے، ماہرین نے دل میں کینسر کی کمی کی اہم سائنسی وجوہات پر روشنی ڈالی ہے۔

یونیورسٹی آف پٹسبرگ کی پروفیسر جولی فلپی کے مطابق دل کے خلیے (Cardiac Cells) زندگی کے ابتدائی برسوں کے بعد بہت کم تقسیم ہوتے ہیں، 20 سال کی عمر کے بعد دل میں خلیوں کی تبدیلی کی شرح نہایت کم ہو جاتی ہے اور پوری زندگی میں صرف آدھے سے بھی کم خلیے دوبارہ پیدا ہوتے ہیں، خلیوں کی کم تقسیم کا مطلب یہ ہے کہ ڈی این اے میں نقص (mutation) کے امکانات بھی نہایت کم ہو جاتے ہیں، جو کینسر کی بنیادی وجہ ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق دل جسم کے اندرونی حصے میں واقع ہوتا ہے، جہاں وہ سورج کی مضر شعاعوں (UV Rays) اور ہوا کے ذریعے داخل ہونے والے زہریلے کیمیکلز سے محفوظ رہتا ہے، اس طرح دل کو کینسر پیدا کرنے والے عوامل (Carcinogens) سے براہ راست نمائش نہیں ہوتی، جو اسے دیگر اعضا کی نسبت زیادہ محفوظ بناتی ہے۔

اگرچہ دل کینسر سے کافی حد تک محفوظ ہے، تاہم جب کبھی دل میں کینسر ہو جائے تو یہ نہایت خطرناک ثابت ہوتا ہے، ماہرین کے مطابق دل میں بننے والے ٹیومر عموماً دوسرے اعضا سے پھیل کر (Metastasis) آتے ہیں، مثلاً جلد یا پھیپھڑوں کے کینسر سے۔

ایک تحقیق کے مطابق دل کے کینسر کے مریضوں میں وہ افراد جو سرجری اور کیموتھراپی کرواتے ہیں، ان کی زندگی کی شرح بہتر پائی گئی، ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے پیچیدہ کیسز میں کثیرالجہتی طبی حکمتِ عملی (Multi-disciplinary) اپنانا ضروری ہے۔

دل کے خلیوں کی تقسیم اور ان کی کمزور بحالی پر جاری تحقیق سے ماہرین کو دل کے امراض اور کینسر جیسے مسائل کو سمجھنے میں مدد مل رہی ہے، خاص طور پر دل کے دورے کے بعد دل کیوں مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوتا، اس پر تحقیق جاری ہے۔

صحت سے مزید