• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حق دو بلوچستان تحریک کے شرکاء کو ملتان اور لاہور پہنچنے تک مکمل سیکورٹی دینے کا فیصلہ

لاہور(نمائندہ خصوصی) حکومت کا حق دو بلوچستان تحریک کے شرکاء کو ملتان اور لاہور پہنچنے تک مکمل سیکیورٹی دینے کا فیصلہ۔جماعت اسلامی بلوچستان کی جانب سے حق دو بلوچستان تحریک کے لانگ مارچ کے حوالے سے قائم حکومتی کمیٹی کے رکن وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اتوار کی سہہ پہر منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے قائدین لیاقت بلوچ نائب امیر اور امیر العظیم سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی۔ملاقات میں حق دو بلوچستان مارچ کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں طے پایا کہ لانگ مارچ کے شرکاء کو ملتان اور لاہور پہنچنے تک حکومت مکمل سیکیورٹی دے گی۔وزیر مملکت نے کہا کہ لاہور میں وفاقی حکومت کی کمیٹی حق دو بلوچستان کے منتظمین سے بات چیت کرے گی، کوشش کی جائے گی مارچ لاہور میں ہی اختتام پذیر ہو،اور اسلام آباد جانے کی ضرورت ہی نہ رہے۔جماعت اسلامی کے قائدین نے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن جماعت ہے اور آئین کے مطابق عوام کے حقوق کے لیے جائز اور جمہوری طریقے سے جہدوجہد کرتی ہے۔ حکومت پر امن مارچ کو سیکورٹی فراہم کرے۔ قائدین جماعت اسلامی نے وفاقی وزیر مملکت سے کہا کہ مارچ کو اسلام آباد اپنی منزل مقصود تک پہنچنے دیا جائے اور حکومت زخم خوردہ اور محرومیوں کا شکار بلوچ عوام کے مطالبات حل کر نے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ وزیر مملکت اس موقع پر کہا کہ وہ اسی لیے جماعت کے مرکز چل کر آئے ہیں۔ ن لیگ اور حکومت نے بلوچستان کے مسائل کو ہمیشہ حل کرنے کے لیے اہمیت دی ہے۔
اہم خبریں سے مزید