• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ بینک میں تعیناتی کیلئے تین سینئر بیوروکریٹس کے پینل کو حتمی شکل دیدی

اسلام آباد (مہتاب حیدر) حکومت پاکستان نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں قائم ایک بین الاقوامی مالیاتی ادارے میں ایک ایگزیکٹو ڈائریکٹر (ای ڈی) کے عہدے پر تاحکم ثانی نور احمد کا دوبارہ تقرر کرتے ہوئے ورلڈ بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کیلئے اعلیٰ بیوروکریٹس کے تین ناموں پر مشتمل ایک پینل کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے اعلیٰ بیوروکریٹس کے نام شارٹ لسٹ کر کے وزیرِاعظم شہباز شریف کو بھجوا دیے ہیں۔ یہ تقرری واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک کے ہیڈکوارٹر میں ہوگی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کیلئے پینل کا فیصلہ اسحاق ڈار کی بیرونِ ملک سے واپسی کے بعد کیا جائے گا۔ اتوار کو دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اعلیٰ سرکاری ذرائع نے تصدیق کی کہ حکومت نے منیلا میں اے ڈی بی میں نور احمد کی دوبارہ تقرری اگلے احکامات تک کیلئے کی ہے۔ اسحاق ڈار کی زیر قیادت کمیٹی آئندہ دنوں میں بیوروکریٹس کے پینل کو حتمی شکل دے گی اور وزیرِاعظم سے ایک نام کی منظوری کیلئے سفارش کرے گی۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ جن اعلیٰ بیوروکریٹس کے نام زیرِ غور ہیں، ان میں سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن کاظم نیاز، سیکریٹری داخلہ خرم آغا، اور ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ امجد محمود شامل ہیں۔
اہم خبریں سے مزید