واشنگٹن(خبرایجنسی) امریکہ نےیکم اگست کو ٹیرف نفاذکی حتمی تاریخ قراردیتےہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی توسیع ہوگی نہ رعایت ملےگی،برطانیہ سمیت 5 ممالک نےمعاہدے پر دستخط کرلئے ہیں جبکہ یورپ کےساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ تفصیلات کےمطابق امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹینک نے اتوار کو واضح کیا ہے کہ تجارتی شراکت داروں پر ٹیرف عائد کرنے کی یکم اگست کی آخری تاریخ حتمی ہے اور اس میں کوئی توسیع کی جائے گی نہ ہی مزیدکوئی رعایت ملےگی۔ ان کا کہنا تھاکہ یکم اگست کو ٹیرف نافذ ہو جائیں گے۔ کسٹمز رقم جمع کرنا شروع کر دیں گے اور ہم آگے بڑھیں گے۔۔لٹینک کا کہنا تھا کہ ٹیرف کے نفاذ کے بعد بھی صدر ٹرمپ جوسکاٹ لینڈ میں یورپی یونین کے عہدیداروں کے ساتھ مذاکرات کر رہے تھے، بات چیت جاری رکھنے پر رضامند ہیں۔ انہوں نے یورپ کے بارے میں کہا وہ ایک معاہدے امید کر رہے ہیں اور یہ صدر ٹرمپ پر منحصر ہے۔ ہم نے میز سجائی اور اب تک پانچ ممالک برطانیہ، ویتنام، انڈونیشیا، فلپائن اور جاپان نے جمعہ کی آخری تاریخ سے قبل ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ معاہدے کئےہیں۔