اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ ہیپاٹائٹس معاشرے کے تمام طبقات کے لیے خطرہ ہے،پاٹائٹس سے پاک پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی اجتماعی ذمہ داری کا اعادہ کرتے ہیں،ہمارے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز، محققین، اور فرنٹ لائن ورکرز انتھک محنت کر رہے ہیں، اور انہیں پوری کمیونٹی کے تعاون کی ضرورت ہے۔ آج کے دن، ہم ایک صحت مند، محفوظ اور ہیپاٹائٹس سے پاک پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی اجتماعی ذمہ داری کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنےپیغام میں کہا کہ ہیپاٹائٹس کے اس عالمی دن پر، ہم ہیپاٹائٹس کے خاتمے اور اپنی عوام کی صحت کے تحفظ کے اپنے عزم کا اعادہ کرنے میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہیں۔ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو عالمی ہیپاٹائٹس سی کے مرض میں نمایاں ہیں۔ وائرل ہیپاٹائٹس صحت عامہ کے عالمی چیلنجوں میں سے ایک ہے۔ ہیپاٹائٹس بی یا سی سے متاثر ہونے والے افراد کی ایک بڑی تعداد غیر تشخیص شدہ اور لا علاج رہتی ہے۔ جب کہ ہیپاٹائٹس معاشرے کے تمام طبقات کے لیے خطرہ ہے، بعض آبادیوں کو زیادہ خطرہ رہتا ہے۔