اسلام آباد (صالح ظافر)امریکہ کی جیلوں میں 175بھارتی قیدی، ایک کو سزائے موت کا انتظار، متحدہ عرب امارات میں 21اور سعودی عرب میں 7بھارتی شہری سزائے موت کے منتظر۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ کی جیلوں میں اس وقت 175بھارتی شہری قید ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک بھارتی شہری کو امریکہ میں سزائے موت کا انتظار ہے۔ اعداد و شمار میں وہ افراد شامل ہیں جو امریکہ میں سزا کاٹ رہے ہیں، اور وہ بھی جو مقدمے کے فیصلے کے منتظر ہیں امریکہ میں سزائے موت کے منتظر واحد بھارتی شہری رگھونندن ینداموری ہے، جو امریکی ریاست پنسلوانیا کی جیل میں قید ہے۔ ینداموری کو ایک خاتون اور اس کی نواسی کے قتل کا مجرم قرار دیا گیا ہے، اور اسے 2014 میں ان جرائم پر سزائے موت سنائی گئی تھی۔ یہ قتل 2012 میں ایک ناکام تاوان کی سازش کے دوران کیے گئے تھے۔ اگرچہ رگھونندن یانداموری کی سزائے موت کی تاریخ 2018 کے لیے مقرر کی گئی تھی، لیکن پنسلوانیا میں سزائے موت پر عائد پابندی کے باعث اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا ہے۔ تاہم، وزارت خارجہ کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کئی ممالک میں سخت رازداری کے قوانین کی وجہ سے مقامی حکام قیدیوں کی معلومات صرف اس صورت میں فراہم کرتے ہیں جب متعلقہ شخص اس معلومات کے افشاء پر رضامند ہو۔