اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر،صباح نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، دورہ امریکا ہر لحاظ سے کامیاب رہا، امریکی وزیر خارجہ کو باور کرایا کہ مذاکرات کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔جموں و کشمیر کے حل کے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا،نیویارک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحق ڈار نے کہا کہ ہر موقع پر فلسطین کے ساتھ کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ سے تجارت اور ٹیرف سے متعلق گفتگو کی ٹیرف پر معاہدے کیلئے وزیر خزانہ امریکا پہنچ رہے ہیں، اگلے دو سے تین دن میں ٹیرف پر معاہدہ طے پا جائے گا۔۔اسحق ڈار نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ڈائیلاگ ہوا تو جامع ہوگا، بھارت جب بھی جامع ڈائیلاگ کرنا چاہے، پاکستان تیار ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم نہیں کرسکتا۔ اگر ہمارا پانی روکا گیا یا اس کا رخ موڑ ا گیا تو اسے اعلان جنگ سمجھا جائے گا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج امن کے لیے کوشاں ہے تاہم بھارت کی جانب سے متنازع بیانات کی وجہ سے پاکستان الرٹ ہے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مسئلہ فلسطین کے پرامن اور دو ریاستی حل کے حوالہ سے منگل کو نیو یارک میں اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق کانفرنس سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہو رہی ہے۔