• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کی طرح اس کی پراکسیز کو بھی ہائبرڈ جنگ میں اسی انجام اور ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا، فیلڈ مارشل

راولپنڈی(نمائندہ جنگ )چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے واضح کیا کہ معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت نے اب اپنے مذموم عزائم کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی پراکسی جنگ کو بڑھا دیا ہے‘فتنہ الخوارج اورفتنہ الہندوستان جیسے عناصر بھارت کی ہائبرڈ وار کے مہرے بنے ہوئے ہیں‘ان پراکسیز کو بھی اسی طرح کے انجام اور ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا جس ذلت کا سامنا بھارت کومعرکہ حق میں کرنا پڑا ہے‘دہشت گرد کسی مذہب، فرقے یا نسل کونہیں دیکھتے لہٰذا ان کے خلاف ایک متحد اور قومی ردعمل کی اشد ضرورت ہے‘ پاکستان آرمی دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے جو کہ قومی یکجہتی اور اتحاد کے لیے ناگزیر ہے‘پاکستان علاقائی امن کیلئے پرعزم ہے مگرمادروطن کو درپیش کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے کا منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق بدھ کو16ویں قومی ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور قومی ہم آہنگی اور انضمام کے لیے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے دہشت گردپراکسیز کی بھارت کی کھلم کھلا سرپرستی کی شدید مذمت کی اوراسے بلوچستان کے لوگوں کی مضبوط حب الوطنی کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ معرکہ حق میں شکست کھانے کے بعد بھارت نے اب اپنے مذموم عزائم کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی پراکسی جنگ کو بڑھا دیا ہے، آرمی چیف نے خاص طور پر فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو پاکستان کے خلاف بھارتی ہائبرڈ جنگ کے پیادوں کے طور پر استعمال کرنے کا حوالہ دیا ۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے زور دیا کہ دہشت گرد مذہب، فرقے یا نسل کی کوئی حدود نہیں جانتے، اس لیے اس خطرے سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر اجتماعی عزم کے ساتھ متحد ہوکر جواب دینا ضروری ہے۔


اہم خبریں سے مزید