واشنگٹن( جنگ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارت پر 25فیصد ٹیرف کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا کو روس سے مسلسل فوجی سازو سامان اورتیل خریداری پر جرمانہ بھی دینا ہوگا، ٹرمپ نے بتایا کہ یہ ٹیرف یکم اگست سے نافذ ہوگا، دوسری جانب رات گئے انہوں نے کہا کہ امریکا اب بھی بھارت کے ساتھ تجارت کے بارے میں بات چیت کر رہا ہے،بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے اعلان سے ہونے والے مضمرات کا جائزہ لے رہے ہیں، امریکا کے ساتھ منصفانہ تجارتی معاہدہ کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔بھارتی حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ امریکا اور بھارت گزشتہ چند ماہ سے منصفانہ، متوازن اور باہمی مفاد کے تجارتی معاہدے پر دو طرفہ بات چیت کر رہے ہیں، تجارتی بات چیت کے مقاصد حاصل کرنے کا ہمارا عزم برقرار ہے۔امریکی صدر نے ایران سے تیل خریدنے والی 7 بھارتی کمپنیوں پر پابندیوں کا بھی اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ٹرمپ نے بھارت پر 25فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ روس سے تیل درآمد کرنے کےمعاملے پر انڈیا کیخلاف جرمانہ بھی ہوگا ۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب دنیا روس سے مطالبہ کر رہی ہے کہ یوکرین میں قتل و غارت کو روکے یہ سب چیزیں اچھی نہیں ! بھارت ہمارا دوست لیکن ہم نے بہت کم تجارت کی ہے کیونکہ اس کے ٹیرف بہت زیادہ ہیں۔