اسلام آباد ( رانا غلام قادر ) وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ،ریلوے اور توانائی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سب وزراء قابل احترام ہیں،اہداف کے حصول کے لئے وزارتوں میں صحت مند مقابلے ہونے چاہئیں، ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ کے حوالے سے بھرپور مؤقف دنیا کے سامنے رکھیں گے،غزہ پر ہمارا مؤقف واضح اور قوم یکسو ہے، حج آپریشن کی مکمل ڈیجیٹائیزیشن خوش آئندہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2026 اور مصنوعی ذہانت (AI) پالیسی 2025 کی منظوری دیدی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے ورلڈ اکنامک فورم کے مینیجنگ بورڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر ،وزیر بحری امور جنید انور چوہدری اور معاون خصوصی برائے قبائلی امور مبارک زیب نے بھی الگ الگ ملاقات کی۔