کراچی(عبدالماجد بھٹی) ایشیا کپ کرکٹ کے شیڈول کے اعلان کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف مہم تیزہوگئی ہے۔ ریٹائرڈ کھلاڑیوں پر مشتمل بھارتی ٹیم نے کھیل میں سیاست کو ملوث کرتے ہوئے انگلینڈ میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 میں گروپ میچ کی طرح سیمی فائنل میں بھی پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کردیا اور ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔ سیمی فائنل جمعرات کوبرمنگھم میں کھیلا جانا تھا ، پاکستان نے چاروں میچ جیتے ہیں ، وہ فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ ایشیا کپ میں بھارت کی شرکت اور ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے پر بھارتی حکومت اور بھارتی کرکٹ بورڈ کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت2026 اولمپکس کی میزبانی کا امیدوار ہے۔ اگر ایشیا کپ میں پاکستان کے میچ کا بائیکاٹ کرتا ہے تو انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے چارٹر کے تحت بھارت کی میزبانی کا خواب خطرے میں پڑسکتا ہے۔