بھارتی فلم ساز و ہدایتکار ہنسل مہتا نے بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کی جانب سے فلم ستارے زمین پر کو یوٹیوب پر ریلیز کرنے کے فیصلے کی حمایت کردی۔ انکا کہنا ہے کہ عامر خان کے اس فیصلے پر تنقید نہیں کرنا چاہیے بلکہ یہ قابل تعریف ہے۔
ممبئی سے تعلق رکھنے والے 57 سالہ ہنسل مہتا نے کہا کہ عامر خان کا یہ ایک اسمارٹ اور دور اندیشی پر مبنی فیصلہ ہے۔
واضح رہے کہ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے حیران کن اعلان کیا کہ انھوں نے اپنی نئی فلم ستارے زمین پر کو یوٹیوب پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ انکی 2007 کی مقبول فلم تارے زمین پر کے روحانی سیکوئل کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز نہیں کیا جائے گا، جو آج کل فلموں کی ریلیز کا سب سے اہم ذریعہ ہے۔
ستارے زمین پر کو یکم اگست کو یوٹیوب پر ریلیز کیا جائے گا، جو کہ تھیٹر پر 20 جون کو جاری ہونے کے چھ ہفتے بعد ریلیز کی جا رہی ہے اور فلم بین اسے صرف 100 روپے میں دیکھ سکیں گے۔ ہنسل مہتا نے کہا یہ تھیٹرز یا اسٹریمرز کے خلاف جنگ نہیں ہے۔
دراصل ہمارا ایکو سسٹم فوری تسکین اور تھوڑی سی توجہ کی طرف جھکاؤ رکھتا ہے۔ تھیٹر کے لیے مخصوص اوقات جیسے سخت احکامات کی طرح لیا جاتا ہے، جبکہ آن لائن اسٹریمنگ صرف تھیٹر کے بعد کی واحد جگہ بن چکی ہے۔ جہاں بہت سی فلمیں یا تو غائب ہو جاتی ہیں یا گمنامی میں پڑی رہتی ہیں۔