• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت اور روس مردہ معیشت ہیں، ٹرمپ، امریکا سے معاہدہ نئے دور کا آغاز، مضبوط سفارتکاری کا نتیجہ، پاکستان، شکریہ ٹرمپ، شہباز شریف

کراچی ، اسلام آباد(نیوز ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور روس کی معیشتوں کو مردہ قرار دے دیا،سوشل میڈیا سائٹ ٹرتھ پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ (بھارت اور روس) اپنی مردہ معیشت کو ایک ساتھ نیچے لے جاسکتے ہیں ، مجھے اس کی پرواہ نہیں ہے، ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کیساتھ بہت تھوڑا سا کاروبار کیا ہے ، ان کے ٹیرف بہت زیادہ ہیں، دنیا میں سب سے زیادہ ہیں، بالکل ایسے ہی روس اور امریکا کے درمیان کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے،انہوں نے کینیڈا کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی مشروط رضا مندی پردھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اوٹاوا کیساتھ تجارتی معاہدے کرنا بہت مشکل ہوجائے گا،جنوبی کوریا کی درآمدات پر 15فیصد محصولات عائد کریں گے ، سیؤل امریکا میں 350ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا، دونوں میں معاہدہ طے پاگیا ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا سے معاہدہ نئے دور کا آغاز ہے، یہ مضبوط سفارتکاری کا نتیجہ ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور امریکا کے مابین تاریخی تجارتی معاہدہ طے پانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ’’ ایکس‘‘ پر اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے مابین تاریخی تجارتی معاہدے سے دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون کو فروغ حاصل ہوگا اور آنے والے وقت میں شراکت داری میں بھی اضافہ ہوگا۔نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے پاک امریکا تجارتی معاہدے پر اظہار مسرت کیا ہے۔انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ʼالحمدللہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔اسحٰق ڈار نے ایکس پر پوسٹ میں امریکی صدر کے ٹروتھ سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی پوسٹ بھی منسلک کی۔وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے مابین تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے جس کے تحت دو طرفہ تجارت کو فروغ، منڈی تک رسائی میں اضافہ، سرمایہ کاری کی ترغیب اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور روس کی معیشت کو مردہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کہاکہ مجھے اس کی پرواہ نہیں کہ بھارت روس کے ساتھ کیا کرتا ہے ۔قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیکرٹری کامرس جواد پال اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے۔وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان طے پانے والا تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید