جموں و کشمیر تحریکِ حق خود ارادیت انٹرنیشنل برطانیہ کے بانی چیئرمین ستارہ پاکستان راجہ نجابت حسین کی زیرِ سرپرستی غازئ ملت بانی صدر آزاد جموں و کشمیر سردار ابراہیم خان مرحوم کی برسی کے موقع پر ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ بھر سے اہم شخصیات نے شرکت کی۔
جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ستارۂ پاکستان نے مانچسٹر میں غازیِ ملت، بانی صدر آزاد جموں و کشمیر، سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1947ء میں قیام پاکستان سے بھی قبل سرینگر میں غازئ ملت نے اپنی رہائش گاہ کو مسلم کانفرنس کے اس اجلاس کے لیے پیش کیا تھا جہاں پر الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سردار ابراہیم خان مرحوم نے مسلح جدو جہد منظم کرنے کے لیے اپنے ڈیڑھ سال کے بیٹے اور حاملہ بیوی کو چھوڑ کر مظفرآباد، ایبٹ آباد اور مری جا کر تحریک آزادی کشمیر کے لیے پہلا فوجی ہیڈ کوارٹر تیار کیا، اس وقت 3 ہزار کشمیری مجاہدین نے جام شہادت نوش کر کے سردار ابراہیم خان، کیپٹن حسین خان شہید اور دیگر لیڈرز کی قیادت میں آزاد جموں و کشمیر نام کا یہ علاقہ ڈوگرہ شاہی سے آزاد کروایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ غازئ ملت کی شخصیت اور اعلیٰ کردار سے قوم کے بچوں اور نوجوانوں کو آگاہ کرنے کے لیے جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے زیرِ انتظام برطانیہ کے مختلف شہروں بشمول لندن، برمنگھم، سٹوک آن ٹرینٹ، نیو کاسل، بریڈ فورڈ میں بڑے پیمانے پر پروگرام ترتیب دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غازئ ملت سردار محمد ابراہیم خان مرحوم کا شمار تحریکِ آزادی کشمیر کے عظیم رہنماؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے ناصرف ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے تاریخی کردار ادا کیا بلکہ 1947ء میں آزاد کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت کے قیام میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، ان کی سیاسی بصیرت، قیادت اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی برطانوی رکنِ پارلیمنٹ اور ترکیہ کے لیے برطانوی تجارتی نمائندے ڈاکٹر افضل خان CBE تھے، انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غازی ملت کی شخصیت، خدمات اور مسئلہ کشمیر پر ان کا اصولی مؤقف آج کی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے، سردار ابراہیم خان مرحوم نے اپنے عمل سے ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کی بنیاد رکھی، آزادی کی یہ مشعل اب مقبوضہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں نے تھام لی، مقبول بٹ شہید، ڈاکٹر افضل گورو شہید اور برہان مظفر وانی شہید سمیت لاکھوں کشمیری شہداء اپنے بزرگوں کے سکھائے ہوئے حریت اور آزادی کے راستے پر چل رہے ہیں۔
تقریب میں سیکرٹری جنرل JKSDMI محمد اعظم، وائس چیئرمین JKSDMIUK امجد حسین مغل، جنرل سیکریٹری JKSDMIUK راجہ جاوید طارق، چیئرپرسن JKSDMI چیشائر نینا رانیا خان، ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹر ہیری بوٹا، سابق لارڈ میئر آف مانچسٹر کونسلر عابد لطیف چوہان، ایگزیکٹو ممبرز شبانہ سمی، ڈاکٹر مہوش جبین، مومنہ لطیف، ماہ نور لطیف اور صدف پروین ملک شامل تھے۔
تقریب کے شرکاء نے غازئ ملت سردار محمد ابراہیم خانؒ کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے مستقبل، مسئلہ کشمیر کے موجودہ تناظر اور برطانیہ میں کشمیری کمیونٹی کے کردار پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
تقریب کے اختتام پر غازئ ملت سردار ابراہیم خان مرحوم بانی صدر آزاد جموں و کشمیر کے درجات کی بلندی، تحریکِ آزادی کشمیر کی کامیابی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعائیں کی گئیں، تقریب میں کمیونٹی لیڈرز کے ہمراہ خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔