• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی بیلجیئم کے سابق وزیر اعظم سے ملاقات

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی بیلجیئم کے سابق وزیر اعظم و ممبر یورپین پارلیمنٹ، ایلیو ڈی روپو (Elio de Rupo) سے ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور موسمیاتی تبدیلی کے مضمرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں حالیہ سیلاب اور ان کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مضمرات سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہو گا-

اگر اس مسئلے پر فوری توجہ نہ دی گئی تو شدید غذائی قلت پیدا ہو سکتی ہے-

گورنر خیبر پختون خوا نے ممبر یورپین پارلیمنٹ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مستقل اور پائیدار حل کے بغیر خطے میں امن کا خواب شرمندۂ  تعبیر نہیں ہو سکتا-

اپنی جوابی گفتگو میں ایلیو ڈی روپو نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کی معاونت کی راہ ہموار کریں گے جبکہ خیبر پختونخوا میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن امداد کو یقینی بنائیں گے۔

ممبر یورپین پارلیمنٹ نے گورنر کے پی سے کہا کہ وہ انڈس واٹر ٹریٹی کے یکطرفہ خاتمے کے معاملے کو بھی یورپی پارلیمنٹ میں زیر بحث لائیں گے۔

اس ملاقات میں چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید، بیلجیم کی کاروباری شخصیت سید حسن افتخار اور بیلجیم میں پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن سید فراز حسین زیدی بھی موجود تھے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید