کراچی ( اسٹاف رپورٹر )دو دریا پر گزشتہ روز ڈوبنے والے 2 بچوں بہن اور بھائی کی لاشوں کو سمندر سے نکال لیا گیا،مرد کی لاش تاحال نہیں مل سکی ہے،تفصیلات کے مطابق دو دریا پر گزشتہ روز ایک شخص نے پہلے دو بچوں کو سمندر میں پھینکا اور پھر خود بھی سمندر میں کود گیا تھا، ریسکیو حکام کے مطابق پہلے بچے کی لاش سی ویو نشان پاکستان کے قریب سے جبکہ کلارک ٹاور کے قریب سے بچی کی لاش نکال لی گئی، شناخت 9 سالہ احمد ، بچی کی 5 سالہ آیت دختر اورنگزیب عالم کے ناموں سے ہوئی، سمندر میں ڈوبنے والے شخص کی تلاش تاحال جاری ہے،ایس ایچ او آغا رشید کے مطابق مذکورہ فیملی اورنگی ٹاؤن کی رہائش کی ہے،اورنگزیب عالم کا اپنی بیوی سے جھگڑے کے باعث عدالت میں معاملہ چل رہا تھا، گزشتہ روز عدالت نے بچوں کی کسٹڈی والدہ کے حوالے کی تھی،عدالت سے نکلنے کے بعد انہوں نے برنس روڈ پر کھانا کھایا جس کے بعد اورنگزیب بہانے سے دونوں بچوں کو لے گیا اور سمندر میں چھلانگ لگا دی،اورنگزیب عالم کے بھائی صغیر عالم نے واقعہ کو خودکشی نہیں بلکہ قتل قرار دیا ہے ،انہوں نے بتایا کہ اورنگزیب عالم کا گھر میں بیوی سے اکثر جھگڑا رہتا تھا ،میری بھابھی مریم بھائی سے علحیدگی چاہتی تھی۔