کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم اس سال جشن آزادی کو بھرپور اور نہایت جذبہ کے ساتھ یکم سے 14 اگست تک منا رہے ہیں کیونکہ اس سال ہم نے معرکہ حق میں بھارت کو ایسی شکست دی ہے جس نے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بلند کیا ہے اب دنیا کی کوئی طاقت پاکستان پر حملہ آور ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتی اللہ کی رضا اور پاکستانی فوج کی ہمت سے بھارت کے نصیب میں ذلت اور پاکستان کے نصیب میں فتح ہوئی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کراچی کے تحت پیپلز چورنگی تا مزار قائد نکالی جانے والی ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید،کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا، ریلی میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں، اسکولوں کے طلبہ و طالبات، اسکاؤٹس سمیت مختلف این جی اوز کے عہدیداران نے شرکت کی۔