کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر معیشت عزیر یونس نے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں پاکستان کی اچھی ڈیل ہوئی ہے اور یہ وائٹ ہاؤس کی طرف سے مثبت اشارہ ہے،تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ تحریک انصاف کی اسٹریٹ پاور نہیں ہے ووٹ پاور ہے دوسرا آرگنائزیشن کوئی نہیں ہے جو حوصلہ بڑھائے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ اگست کا مہینہ شروع ہوچکا ہے مگر تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک ابھی تک شروع نہیں ہوئی ہے۔ماہر معیشت عزیر یونس نے کہا کہ واشنگٹن میں بھارتی تجزیہ کار سمیت کئی لوگ یہ وارننگ دے رہے تھے کہ ٹرمپ کی جو اپروچ دنیا کے ساتھ ہے وہ مختلف ہے وہ یہ نہیں مانتے کہ بیس تیس سال بعد ہمیں تعلقات کا ریٹرن ملے گا ان کا ماننا یہ ہے کہ آج کے دن کوئی بھی دوسرا ملک ہمارے لیے کیا کر رہا ہے یہ بتائیں اور بھارت کو مسلسل آگاہ کیا جارہا تھا کہ یہ صورتحال بدل رہی ہے بھارت کی فارن پالیسی اسٹیبلشمنٹ اس بات کو صحیح طرح نہیں سمجھ پائی۔ واشنگٹن کو پیر منگل کے دن تک امید تھی کہ مودی ٹرمپ کو فون کریں گے اور ڈیل ہوجائے گی لیکن دلی میں یہ مشورہ دیا گیا کہ ٹرمپ کو فون نہ کریں ایسا نہ ہو ٹرمپ زیادہ مانگ لیں پھر آپ منع نہیں کرسکیں گے ۔