• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے راستے چین سے تجارت کی ایرانی خواہش، روٹ یورپ تک وسیع ہوسکتا ہے، صدر پزشکیان

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان پاکستان کے 2روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی صدر اور انکے وفد کا استقبال کیا، مسعود پزشکیان کو ریڈ کارپیٹ استقبال کے ساتھ ساتھ 21توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی، صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے راستے چین سے تجارت کا خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ذریعے ایران، چین-پاکستان راہداری کے ذریعے شاہراہِ ریشم سے جُڑ سکتا ہے اور یہ روٹ ایران سے ہوتے ہوئے یورپ توسیع ہو سکتا ہے، پاک چین ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں فعال شرکت کے خواہاں ہیں، کوشش ہے پاک ایران دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچے،قبل ازیں صدر پیزشکیان کی لاہور آمد اور نوازشریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے ان کا استقبال کیا، صدر مسعود پیزشکیان نے لاہور میں علامہ اقبالؒ کے مزار پر حاضری بھی دی، دوسری جانب پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی تعلقات مضبوط بنانے کا عزم اور معاشی تعاون بڑھانے پر غورکیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ‘ وزیر اطلاعات و نشریات عطا ء اللہ تارڑ اور وزیر ہا ئوسنگ و تعمیرات ریاض حسین پیرزادہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈاکٹر پیزشکیان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد میں ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، سینئر وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔ اپنے قیام کے دوران صدر پیزشکیان صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کرینگے۔اس دورے میں پاکستان اور ایران کے مابین اعلیٰ سطح وفود کے اجلاس ہونگے۔یہ ایران کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر پیزشکیان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ اس دورے سے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔قبل ازیں ایرانی صدر اپنے پہلے دورہ پاکستان میں لاہور پہنچے تھے، ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے، جہاں ان کا استقبال سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کیا، پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ایران کا وفد شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی، لاہور بھر میں سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے۔ ایرانی سرکاری خبررساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق پاکستان روانگی سے قبل ڈاکٹر پزشکیان نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سالانہ تجارتی تبادلے کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا منصوبہ ہے، اپریل 2024 میں دونوں ممالک نے آئندہ پانچ سالوں میں باہمی تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا تھا۔ 

اہم خبریں سے مزید