کراچی(اسٹاف رپورٹر) جشن معرکہ حق آزادی اسپورٹس فیسٹیول منگل سے نیا ناظم آباد میں شروع ہورہا ہے جس میں بھارت کے خلاف جنگ جیتنے پر پاکستان آرمی،پاک فضائیہ اور پاکستان نیوی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ان کے ناموں سے ٹورنامنٹ کرائے جائیں گے۔پاکستان آرمی کے سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کے اعتراف میں آیت نامی بچی کا تیار کیا ہوا ملی نغمہ پاکستان ہمیشہ زندہ بادبھی پیش کیا جائے گا۔ یہ بات نیا ناظم آباد جمخانہ کے صدر سید محمد طلحہ نے ہفتے کوپریس کانفرنس میں بتائی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ڈسٹرکٹ ویسٹ زاہد علی ، منیجر اسپورٹس محمد آصف اور دیگر بھی موجود تھے جبکہ شاہد نواب نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ انہوں نے بتایا کہ ایونٹ میں نوجوان کرکٹ ، فٹبال ، بیڈمنٹن ، ٹیبل ٹینس ، سوئمنگ ، آخری اور دیگر گیمز میں حصہ لے سکیں گے۔ دس روزہ ایونٹ میں 19 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے ۔۔ جشن آزادی معرکہ کے موقع پر نیا ناظم آباد جم خانہ میں بھی تقریباًت ہوگی جس میں کھلاڑی،سماجی شخصیات اور ممتاز شہری شرکت کریں گے ۔