کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام‘‘ نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں نے ویزا کے لیے اپلائی کیا ہوگا تو یقیناً ملے گا اگر وہ نائیکوپ کے لیے کہیں گے تو وہ بھی جاری کر دیا جائے گا۔عمران خان کہتے ہیں وہ امریکہ کی غلامی سے آزادی دلائیں گے جبکہ بچے اپنے باپ کو امریکہ کے ذریعے آزادی دلانا چاہتے ہیں۔سینئر سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے غیر نمائندہ حکومت مسلط کی گئی ہے ۔ ان کا مؤقف تھا کہ ملک کو ہیلنگ پراسیس کی ضرورت ہے ۔سینئر سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ہم نے اعلامیہ میں جن چیزوں کا ذکر کیا ہے وہ باتیں ہمارے لیے مین اسٹریم میں بہت اہمیت رکھتی ہیں ساتھ ہی ساتھ ہم نے کوشش کی ہے خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ سے ایسے لوگوں کو دعوت دی جائے جو کبھی مین اسٹریم پر نہیں آپاتے اور وہ مسائل بڑھ کر بحران کی شکل اختیار کر گئے ہیں۔مجموعی طور پر اگر پاکستان کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ملک اس وقت معاشی بحران کا شکار ہے۔ اگرچہ کچھ مثبت اشارے ضرور موجود ہیں، مگر عام فرد یا گھرانے کی زندگی میں ان کے اثرات نمایاں نہیں ہو رہے۔ اسی محرومی کی بنیاد پر عوام کے رویّے میں غصہ اور جارحیت بڑھ رہی ہے اور ہمیں ان مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنا ہوگا۔ فارم 47 کے ذریعے غیر نمائندہ حکومت ملک پر نافذ کی گئی ہے جمہوریت کی بات کریں تو بیس سال پہلے میثاق جمہوریت کیا گیا تھا آپ کہتے ہیں اس پر یقین رکھتے ہیں لیکن پھر پیکا اور چھبیسویں ترمیم بھی ہو رہی ہے ۔سیاست میں احتجاج کے ذریعے بھی گفتگو کی جاتی ہے اور پاکستان کی تاریخ بھی ہمیں یہی بتاتی ہے دونوں آپشن موجود ہیں۔