اسلام آباد(نیوزرپورٹر/اپنے رپورٹرسے) پاکستان اور ایران کے مابین 12 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوںپر دستخط‘دونوں ممالک کے درمیان وزارتی سطح کے مذاکرات‘ایران کاسلک روڈ اور گوادر تا چاہ بہارکے منصوبوں میں اشتراک، کوئٹہ زاہدان ٹریک اور تجارتی امور سمیت زمینی رابطے بڑھانے پر اتفاق ‘فری ٹریڈمعاہدہ تیار ‘دوطرفہ تجارت کے موجودہ 3 ارب ڈالر کے حجم کو جلد از جلد 10 ارب ڈالر کے ہدف تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ‘ایران کو اکتوبر میں وزارتی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی گئی جبکہ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہےکہ پاکستان پرامن مقاصد کیلئے ایران کے جوہری پروگرا م کی حمایت کرتا ہے‘اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تہران کوپرامن مقاصد کیلئے جوہری توانائی کے حصول کا پورا حق حاصل ہے‘ کسی قسم کی دہشتگردی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا‘ایرانی صدر مسعودپزشکیان نے کہاکہ جب تک ہم متحد رہیں گے تو ہماری خودمختاری قائم رہے گی‘ایران پاکستان کو اپنا ہمسایہ ہی نہیں بلکہ بھائی سمجھتا ہے ‘ انہوں نے وزیراعظم کو دورہ ایران کی دعوت بھی دی ۔تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے گزشتہ روزشہباز شریف سے وزیر اعظم ہاؤس میں دوطرفہ ملاقات کی ‘جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار‘آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر اہم وفاقی وزراء موجود تھے ۔ وزیراعظم نے ایرانی قیادت، مسلح افواج اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا‘انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی حمایت پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔ صدر پزشکیان نے جنگ کے دوران ایران کی غیرمتزلزل حمایت پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایرانی قوم اس جذبے کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔دونوں رہنماؤں کے مابین تجارت کے فروغ کے لیے کئی اقدامات پر بات چیت ہوئی، جن میں بارٹر ٹریڈ کی سہولت، چاول، پھلوں اور گوشت کی برآمد کے لیے کوٹہ میں اضافہ، سرحدی بازاروں کی فعالی اور تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنا شامل ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت کے موجودہ 3 ارب ڈالر کے حجم کو جلد از جلد 10 ارب ڈالر کے ہدف تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیںشہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن مقاصد کےلئے ایران کے جوہری پروگرا م کی حمایت کرتا ہے‘دہشتگردی کے خلاف پاکستان اور ایران کا موقف ایک ہے، کسی قسم کی دہشتگردی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے صدر مسعود پزشکیان کے ہمراہ اتوار کو یہاں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کے تبادلہ کی تقریب کے موقع پرمشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔وزیراعظم نے کہاکہ جنگ کے دوران ایران کے عوام اور حکومت نے اپنی خودمختاری اور حمیت کا بھرپور دفاع کیا۔