کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزراء سعید غنی اور سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ آج پورا پاکستان جشن آزادی معرکہ حق منا رہا ہےاس سال 14 اگست کے حوالے سے سندھ حکومت کے تمام محکموں نے سیکڑوں پروگرامز مرتب کئے ہیں ہم اس سال جشن آزادی اور بھارت کو پاک فوج کی جانب سے دی جانے والی شکست کا جشن مل کر منا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سیاحت و ثقافت کے تحت قائد اعظم ہاؤس سے چوکنڈی قبرستان تک 29 کلومیٹر طویل خواتین موٹر سائیکل ریلی کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر پاکستانی پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانہ گایا گیا اور پاکستان کی آزادی کی 78 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا، وزیر سیاحت و ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ آج خواتین کی بائیک ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے اس ریلی میں بڑی تعداد میں خواتین بائیک رائڈرز شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 14 اگست تک پورا پاکستان جشن آزادی معرکہ حق منارہا ہے۔