کراچی میں خودکار ٹریفک چالان کا نظام متعارف کروادیا گیا ہے جس کے تحت خلاف ورزی کی تصویر گھر پہنچائی جائے گی۔
کراچی کی ٹریفک پولیس جلد ہی روایتی طریقہ کار کو خیرباد کہہ کر جدید ڈیجیٹل ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروا رہی ہے، جسے ٹریفک ریگولیشن سائٹیشن سسٹم (ٹریکس) کا نام دیا گیا ہے۔
اس جدید نظام کے تحت شہر بھر میں نصب ہائی ڈیفینیشن (ایچ ڈی) کیمروں کی مدد سے رفتار کی حد عبور کرنے، سگنل توڑنے اور غلط پارکنگ جیسی خلاف ورزیوں کی خودکار نگرانی کی جائے گی۔
اب شہریوں کو موقع پر روکنے کے بجائے، خلاف ورزی کی تصویر لے کر ای چالان (E-Ticket) براہِ راست ان کے گھر کے پتے پر بھیجا جائے گا، جس میں خلاف ورزی کا تصویری ثبوت بھی شامل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چالان 14 دن کے اندر ادا کرنے پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی، 21 دن تک ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں جرمانہ ڈبل کر دیا جائے گا، 3 ماہ تک عدم ادائیگی کی صورت میں ڈرائیور کا لائسنس معطل ہو سکتا ہے۔ 6 ماہ تک نادہندہ رہنے کی صورت میں شناختی کارڈ (CNIC) بھی بلاک کیا جا سکتا ہے۔
یہ نیا نظام فیس لیس انفورسمنٹ کے اصول پر مبنی ہے جس کا مقصد شہری اور ٹریفک وارڈنز کے درمیان سڑکوں پر جھگڑوں سے بچاؤ، سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا اور ٹریفک قوانین کی شفاف عملداری کو یقینی بنانا ہے۔