کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کی محکموں میں فوکل پرسنز کی تقرری احکامات کیخلاف اپیل پر سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے میں ترمیم کردی، سندھ ہائیکورٹ نے ماڈرن ڈیوائس کے استعمال اور محکموں میں فوکل پرسنز کی تقرری کا حکم دیا تھا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے یہ تو عدالت نے آپکو سہولت فراہم کی ہے، جو چیز آپکو کرنی چاہئے تھی وہ عدالت کہہ رہی ہے۔ چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل بینچ کے روبرو کراچی رجسٹری میں سندھ حکومت کی محکموں میں فوکل پرسنز کی تقرری کے احکامات کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سندھ حکومت کی اپیل منظور کرلی۔ عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے میں ترمیم کردی۔ سندھ ہائی کورٹ نے ماڈرن ڈیوائس کے استعمال اور محکموں میں فوکل پرسنز کی تقرری کا حکم دیا تھا۔