پشاور (خصوصی نامہ نگار) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپورٹس خیبرپختونخوا کے زیرِ اہتمام پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں احتجاجی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے کی ، ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ، ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ نعمت اللہ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ منیر عباس، چیف کوچ شفقت اللہ، ایڈمنسٹریٹر پشاور اسپورٹس کمپلیکس یوسف آفریدی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاؤنٹس شاہ فیصل سمیت دیگر افسران، ملازمین اور عملے نے واک میں شرکت کی۔واک کے دوران شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کے حق میں اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے نعرے لگاتے ہوئے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے جائز حقوق کی حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس تاشفین حیدر نے کہا کہ ’’5 اگست 2019 کو بھارت نے غیر قانونی اقدام کے ذریعے کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کئے، جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور انسانی حقوق کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔‘‘مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔