پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن گل راج کے تبادلے کے خلاف دائر درخواست پر محکمہ تعلیم کو 15 روز میں درخواست گزارہ کی اپیل پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی ۔کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس وقار احمد اور جسٹس محمد اعجاز خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔درخواست گزارہ کے وکیل نوروز خان ایڈووکیٹ نے عدالت کوبتایا کہ خاتون آفیسرکو سیاسی بنیادوں پر ٹرانسفر کیا گیا پہلے اسے ضم اضلاع ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ میں تعینات کیا گیا، تا ہم تین مہینے بعد لوئر دیر تبادلہ کیا گیا ۔جسٹس وقار احمد نے کہا کہ اس کیس میں ہم نے ایڈووکیٹ جنرل کو کہا تھا کہ وہ اس کو دیکھیں، اور اس مسئلہ کو حل کریں عدالت میں موجود ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل انعام یوسفزئی نے عدالت کوبتایا کہ ایڈووکیٹ جنرل نے اس میں بات کی ہے،انھوں نے سیکرٹری ایجوکیشن کے پاس اپیل دائر کی ہے، اس اپیل پر اب فیصلہ ہوگا، فاضل بنچ نے محکمہ تعلیم کو درخواست گزارہ کی اپیل پر 15 روز میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔