پشاور (خصوصی نامہ نگار) شہید شہباز خان ویلفیئر آرگنائزیشن ڈاگئی صوابی کے زیر اہتمام بونیر اور گدون صوابی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ آرگنائزیشن کے صدر نیاز محمد کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں کےلئے ایک بڑے پیکیج کا اعلان جلد کیا جائے گا،آرگنائزیشن کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لئے بونیر اور ڈاگئی صوابی میں کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ آرگنائزیشن کی ایمبولنسز کے ذریعے زخمیوں اور مریضوں کو ہسپتالوں کو پہنچایا جا رہا ہے۔ آرگنائزیشن کی طرف سے میڈیکل کیمپس بھی لگائے گئے، آرگنائزیشن کے رضاکاروں نے متاثرہ علاقوں میں گھروں کو صاف کرنے کی مہم بھی شروع کر دی ہے۔