پشاور(جنگ نیوز)ریسکیو1122 خیبرپختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دو ریسکیو اہلکاروں کو ان کی پیشہ ورانہ، جرات مندانہ اور مثالی خدمات پر اعزازی میڈلز سے نوازا گیا۔تقریب کا بنیادی مقصد ریسکیو1122 اہلکاروں کی خدمات اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ اس تقریب کی صدارت ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 محمد طیب عبداللہ نے کی۔اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ ریسکیو1122 کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈائریکٹر جنرل نے خود اہلکاروں کو سلامی پیش کی۔ عموماً اعلیٰ افسران کو سلامی پیش کی جاتی ہے لیکن اس بار ڈائریکٹر جنرل نے خود فرنٹ لائن اہلکاروں کو ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ جذبے کے اعتراف میں سلامی دی جو کہ ادارے کی جانب سے اہلکاروں کے ساتھ گہری وابستگی اور احترام کی مثال ہے۔تقریب میں ریسکیو اہلکاروں کو اعزازی سلامی دی گئی اور ان کی خدمات پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ریسکیور مراد خان کو ایک عمارت میں لگنے والی آگ کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر امدادی کارروائیاں انجام دینے پر اعزاز دیا گیا۔ دورانِ واقعہ ان کا ہاتھ ٹوٹ گیا تھا، مگر انہوں نے اپنی ذمہ داریاں ترک کیے بغیر آگ پر قابو پایا۔اسی طرح ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن آصف نواز کو چارسدہ روڈ پر ایک شہری کو مسلسل سی پی آر دے کر اس کی جان بچانے پر اعزازی میڈل سے نوازا گیا۔ متاثرہ شخص کرنٹ لگنے سے بے ہوش ہو گیا تھا اور دل کی دھڑکن بند ہو چکی تھی، تاہم آصف نواز کی بروقت طبی امداد سے اس کی زندگی بچ گئی۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل نے دونوں اہلکاروں کو اعزازی میڈلز اور نئی وردیاں پیش کیں اور ان کی خدمات کو ادارے کا فخر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122 میں کارکردگی کو ہمیشہ سراہا جاتا ہے اور آئندہ بھی جو اہلکار بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے انہیں انعام و اعزاز سے نوازا جائے گا تاکہ دیگر اہلکاروں کی بھی حوصلہ افزائی ہو۔