اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نئی الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی سے متعلق سبسڈی سکیم پر عملدرآمد کی منظوری دے دی ،9ارب روپے کی سبسڈی سکیم کے حامل اس پروگرام کے تحت دو مراحل میں ایک لاکھ 16ہزار الیکٹر ک بائیک اور 3170الیکٹرک رکشے اور لوڈر فراہم کیے جائیں گے ، سرکاری کالجوں کے اعلی کارکردگی کا مظاہر ہ کرنیوالے طلبا کو مفت الیکٹرک بائیک فراہم ہونگے ، پہلے مرحلے کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف جلد کرینگے جس میں 40ہزار الیکٹرک بائیک اور ایک ہزار الیکٹرک رکشے اور لوڈرز دینے کی سکیم کا اجراکیا جائے گا،ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا جنہوں نے اجلاس میں ورچوئل شرکت کی ، ای سی سی نے قائداعظم یونیورسٹی کیلئے اصولی طور پر دو ارب روپے کی امدادی گرانٹ کی منظوری دی اور اور ٹیلی گرافک منتقلی کی مراعاتی سکیم کے چارجز کی ادائیگی کیلئے 30ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی ۔کمیٹی نے پاکستان کے شہریوں کو الیکٹرک بائیک اور رکشہ/لوڈرز کو اپنانے کو فروغ دینے کے لیے سبسڈی سکیم کے نفاذ کے حوالے سے وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے پیش کی گئی سمری کی منظوری دی۔