کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 ایسا دن ہے جس روز بھارت نے اپنے آئین میں ترامیم کرکے مقبوضہ کشمیر کی خودمختاری کو ختم کردیا جسکی ہم بھرپور مزمت کرتے ہیں اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل کرتے ہوئے کشمیر کو مکمل آزادی دی جائے ،5 اگست کے سیاہ ترین اقدام سے بھارت کشمیر کی بند گلی میں بری طرح پھنس چکا ہے ، 5 اگست کا یوم سیاہ بلا شبہ بھارت کا یوم حساب بن کر رہے گا۔عالمی طاقتیں کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔ایک بیان میں سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ نے اپنے ہی آئین کو روندتے ہوئے جنت نظیر کشمیر کو ہڑپ کرلیا ، اور کشمیر کی خودمختاری کو ختم کیا ، جو خود بھارت کے بانی رہنماؤں نے 1947 سے دے رکھی تھی ، انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ ظالمانہ اقدام اقوام متحدہ کے بنیادی حقوق کے عالمی چارٹر کی بھی خلاف ورزی ہے بھارتی فوج ابتک 30 ہزار سے زائد کشمیری نوجوانوں کو آپریشن کے بہانے گھروں سے اٹھاکر لاپتہ کر چکی ہے بھارت جموں و کشمیر کو تین ٹکروں میں تقسیم کر چکا ہے۔