اسلام آباد ( عاطف شیرازی) پیکاایکٹ کے تحت صحافیوں کے خلاف کتنے مقدمات درج کیے گئے ،سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نےتمام صوبائی آئی جیز سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ جن پولیس افسران نے پیکا ایکٹ کے تحت صحافیوں کےخلاف مقدمات درج کرائے ہیں ان کےخلاف کارروائی کی جائے ، کمیٹی نے آرآئی یوجے کے صدر کو حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف ایس ایچ او نیوٹاون روالپنڈی کو بھی معطل کرنے کی رولنگ دے دی، گزشتہ روز کمیٹی کا اجلاس چئیرمین کمیٹی سینٹر علی ظفر کی زیرصدارت ہوا، اجلا س میں وزارت اطلاعات ونشریات کے متعلقہ معاملات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزارت داخلہ کے حکام نے بتایاکہ پیکا ایکٹ کے تحت صحافیوں کے خلاف 9مقدمات درج کیے گئے شہریوں اور سیاسی ورکرز کے خلاف بھی 2600سے زائد مقدمات درج کیے گئے ،صحافیوں کے خلاف مقدمات میں زیادہ تر مدعی خود ریاست ہے۔