کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ نے شکایت کنندہ غلام مصطفیٰ کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر مستونگ کے خلاف دائر شکایت کا ازالہ کردیا ۔ شکایت کنندہ غلام مصطفیٰ نے جونیئر ایلیمنٹری ٹیچر (جے ای ٹی) کے عہدہ پر تقرری کے لیے کنٹریکٹ کی بنیاد پر درخواست دی تھی اور ابتدائی طور پر شارٹ لسٹ ہونے کے باوجود حتمی آرڈر لسٹ سے ان کا نام خارج کردیا گیا تھا ۔ تحقیقات کے بعد کمشنر قلات ڈویژن نے غلام مصطفیٰ کی ایف اے ڈگری کی تصدیق اور بعد ازاں اس کے نمبر درست کرنے کی ہدایت کی ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر نے کمشنر کے میٹنگ منٹس کی وصولی پر تقرری کا آرڈر جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ تیزرفتار کارروائی کی بدولت تقرری کا آرڈر ملنے پر شکایت کنندہ نے صوبائی محتسب کا بذریعہ خط شکریہ ادا کیا ہے ۔