اسلام آ باد ( رانا غلام قادر /نیوز رپورٹر) پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ایچ بی ایل مائیکرو فنانس بینک (ایچ بی ایل ایم ایف بی) کے ساتھ ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں تاکہ پاکستان کے قرضہ جاتی نظام میں سیٹلائٹ پر مبنی زرعی تجزیات کو شامل کیا جا سکے ،یہ سپارکو اور کسی بینک کے درمیان اس نوعیت کے حل کے لیے پہلا اشتراک ہے۔ سپارکو ہائی ریزولوشن سیٹلائٹ تصاویر، فصلوں کی صحت کا تجزیہ، پیداوار ی تخمینے، رسک پروفائلنگ اسکور فراہم کریگا ،یہ اقدام زرعی شعبے میں موسمیاتی لحاظ سے بہتر کاشتکاری کو فروغ دینے اور کسانوں کے لیے مالی سہولیات تک رسائی بڑھانے کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال میں اہم پیش رفت ہے۔ معاہدے کے تحت، سپارکو ہائی ریزولوشن سیٹلائٹ تصاویر، فصلوں کی صحت کا تجزیہ، پیداوار کے تخمینے، رسک پروفائلنگ، اور قرض کی اہلیت کے اسکور فراہم کرے گا تاکہ ڈیٹا پر مبنی قرضہ جاتی فیصلوں کو ممکن بنایا جا سکے۔پائلٹ مرحلہ ضلع اوکاڑہ، پنجاب میں نافذ کیا جائے گا جو ملک کے اہم زرعی علاقوں میں سے ایک ہے۔