کراچی (اسٹاف رپورٹر) راشد منہاس روڈ لکی ون شاپنگ مال کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا جس کے باعث موٹر سائیکل سوار بہن بھائی جاں بحق اور والد شدیدزخمی ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق یوسف پلازہ تھانہ کی حدود راشد منہاس روڈ، گلشن اقبال سے سہراب گوٹھ کی طرف جانے والی سڑک پرصغیر سینٹر کے قریب تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار جواں سال بہن بھائی موقع پر جاں بحق جبکہ والد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد جمع ہوگئے اور مشتعل شہریوں نے موٹر سائیکل سوار اہل خانہ کو کچلنے والے ڈمپر ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا اور راشد منہاس روڈ سے گزرنے والے دیگر ڈمپرز پر بھی پتھراؤ شروع کردیا گیا جسکے باعث ڈمپر ڈرائیورز ڈمپر موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے ،مشتعل افراد کی جانب سے شاہراہ پر موجود تمام ڈمپرز کو آگ لگا دی گئی۔ گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ جانے والے سڑک پر 4 جبکہ سہراب گوٹھ سے گلشن چورنگی جانے والی سڑک پر 3 ڈمپر جلا ئے گئے ۔واقعے کی ااطلاع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچی اور صورتحال پر قابو پاتے ہوئے مشتعل افراد کو منتشر کیا۔ حادثے کا شکار دونوں لاشوں اور زخمی شخص کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں جاں بحق بہن بھائی کی شناخت 22 سالہ ماہ نور دختر شاکر اور 14 سالہ احمد رضا ولد شاکر کے نام سے ہوئی جبکہ والد کی شناخت شاکر ولد صلاح الدین کے نام سے کی گئی ۔ دونوں بہن بھائی اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر ملیر رفاہ عام سوسائٹی میں قریبی عزیز کے گھر دعوت میں شامل ہونے کے بعد نیو کراچی سیکٹر 11 ڈی میں واقعے اپنے گھر واپس جارہے تھے کے راستے میں حادثے کا شکار ہوگئے۔ زخمی والد کو عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جاں بحق بچوں کے چچا ذاکر نے بتایا ہےکہ ڈمپر حادثہ میں جاں بحق ہونے والی ماہ نور کی اگلے ماہ شادی تھی، ہم اس کا جہیز تیار کر رہے تھے، ہمارے اوپر قیامت ٹوٹ پڑی ہے کہاں سے لائیں صبر کو کہ غم بھلا پائیں۔ زاکر نے بتایا ہےکہ حادثے میں زخمی ہونے والا انکا بھائی شاکر کپڑوں کا پتھارہ لگاتا تھا۔ شاکر کے 7 بیٹے بیٹیاں تھے ۔ اگر ان ڈمپرز سے ہونے والے حادثات کو نا روکا گیا تو آج ہمارے گھر کے بچے حادثے کا شکار ہوئے ہیں کل کسی اور کے گھر کا ہوگا۔ انہوں نے حکومت سندھ سمیت اعلی حکام سے درخواست کی کہ ہمیں صرف انصاف چاہیے۔ اہل خانہ کے مطابق زخمی شاکر کو اب تک یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کے بیٹے اور بیٹی دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں۔ مطابق پولیس نے ڈمپر ڈرائیور فردوس خان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ ڈمپرز کو جلانے میں ملوث 10مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ مزید گرفتاریاں سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ویڈیوز کی مدد سے عمل میں لائی جائیں گی۔ حادثے کے بعد ڈمپر ایسوسی ایشن کے رہنما لیاقت محسود بھی جائے وقوعہ پہنچ گئے لیاقت محسود نے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، حادثہ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ہوا، لیکن شرپسندوں نےہماری گاڑیاں جلائیں، حادثے کے بعد 7 ڈمپرز کے جلائے جانے پر انہوں نے احتجاج کا اعلان کیا۔ لیاقت محسود کے اعلان کے بعد سپر ہائی وے سہراب گوٹھ اورنیشنل ہائی وے ٹھٹہ روڈ کو مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا۔ احتجاج کے باعث سپر ہائی وے سہراب گوٹھ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی جبکہ کراچی سےاندرون شہروں آنے اور جانے والے افراد کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔