پشاور (نیوز ڈیسک ) محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی آڈٹ رپورٹ میں 2018 سے 2021 تک صحت انصاف کارڈ میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق صحت کارڈ اور دیگر منصوبوں میں28 ارب61 کروڑ روپےکی مالی بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں۔رپورٹ میں سامنے آیا ہےکہ نجی اسپتالوں کو غیرضروری طور پر صحت سہولت کارڈ پینل میں شامل کیا گیا، پینل میں شامل نہ ہونے والے بعض نجی اسپتالوں کو اربوں روپےکی ادائیگیاں کی گئیں۔ 10اضلاع کے 48 میں سے17 اسپتال صحت سہولت کارڈ پینل میں رجسٹرڈ نہیں تھے۔رپورٹ کے مطابق غیر رجسٹرڈ اسپتالوں کو صحت سہولت پروگرام کے تحت ادائیگیاں کی گئیں، سوات کے دو غیر رجسٹرڈ نجی اسپتالوں کو 1،1 ارب روپے سے زیادہ کی ادائیگیاں کی گئیں۔