کراچی(سید محمد عسکری) وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کے چیئرپرسن کے عہدے کیلئے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ قومی جاب پورٹل پر شائع ہونے والے اشتہار کے مطابق امیدوار کے پاس کم از کم 15سال کا تجربہ ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں، جن میں کم از کم 10 سال پی ایچ ڈی کے بعد کا تجربہ شامل ہو، نمایاں تحقیقی اشاعتوں کا ریکارڈ، اور اعلیٰ تعلیمی و انتظامی شعبوں میں بین الاقوامی شہرت ہونی چاہیے۔ درخواست دہندہ کی عمر آخری تاریخ یعنی 10 ستمبر 2025 کو 65 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ چیئرپرسن کو وزیراعظم کی جانب سے دو سال کے لیے تعینات کیا جائے گا، جس میں ایک مزید مدت کی توسیع ممکن ہے، اور انہیں منظور شدہ "چیئرپرسن ایچ ای سی سیلری پیکیج" دیا جائے گا۔ امیدواروں کو تفصیلی سی وی، پانچ خفیہ ریفریوں کے نام، تعلیمی و تجرباتی اسناد، ایک ہزار الفاظ تک کا تحریری بیان (جس میں درخواست دینے کی وجوہات اور اہلیت بیان کی گئی ہو) اور ایک پاسپورٹ سائز تصویر قومی جاب پورٹل کے ذریعے جمع کرانی ہوگی۔