کراچی( سید محمد عسکری) سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں قائم واحد صوبائی سرکاری جامعہ “ گورنمٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد “ کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے تین امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔ چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق رفیع کی سربراہی میں تلاش کمیٹی کے اجلاس میں جامعہ کراچی کے سابق رجسٹرار اور انسٹی ٹیوٹ آف انوائرمنٹل اسٹیڈیز کے سابق ڈائریکٹر معظم علی خان کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے جب کہ میرپورخاص کیمپس کے سابق پی وی سی اور آئی بی اے سندھ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امام الدین کھوسو کو دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے اور آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر میر محمد شاہ تیسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ “گورنمٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد” کے لیئے 164 امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں جن میں سے 130 کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا اور امیدواروں کے انٹرویوز کئی روز تک جاری رہے۔ ان تین ناموں کو انٹیلیجنس کلیئرنس کے لیے ملک کی تین معتبر ایجنسیوں کو بھیجا جائے گا جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ ان تینوں امیدواروں کے انٹرویو کر کے کسی ایک نام کی منظوری دیں گے۔