لاہور(نمائندہ جنگ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر مستونگ کے قریب دہشت گردوں نے ایک بار پھر کوئٹہ سے براستہ لاہور پشاور آنیوالی جعفر ایکسپریس کو دھماکے سے تباہ کرنے کی کوشش کی اور ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، بلوچستان سے ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور کے لیے صبح 9بجے روانہ ہوئی تھی کہ سپیزنڈ مستونگ کے قریب ریلوے ٹریک پر اس وقت دھماکا ہو گیا جب جعفر ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی۔ یاد رہے چند روز قبل سبی میں بھی ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی تھی۔دھماکے کے بعد ریلوے حکام اور سیکورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئی اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا جبکہ ریلوے حکام نے ٹرین باقی بوگیوں اور مسافروں کو واپس کوئٹہ اسٹیشن پہنچا دیا اور ٹرین کی روانگی منسوخ کر دی گئی جبکہ دوسری جانب پشاور سے روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس کو بھی منسوخ کر دیا گیا اور مسافروں کو فل ریفنڈ دے دینے کا اعلان کر دیاگیا جبکہ ایک اور واقعہ میں پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس خان پور کے قریب پٹری سے اتر گئی حادثہ ریلوئے اسٹیشن کے قریب پیش آیا جس کے بعد تمام ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی ریلوے انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی ریلوے حکام کے مطابق حادثہ کانٹا مین کی مبینہ غفلت سے رننگ میں کانٹا تبدیل کرنے کے باعث پیش آیاحادثے کے باعث ٹرین کی بوگی دوسرے ٹریک پر چلی گئی،حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم روہڑی اور سمہ سٹہ سے امدادی ٹرین موقع پر پہنچ گئی ہے جبکہ حادثے کے باعث ڈاؤن ٹریک ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دیا گیا جسے بعد ازاں امدادی سرگرمیوں کے بعد کھول دیا گیا۔