کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی قبضے کے منصوبے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں صیہونی منصوبے پر شدید تنقید کی گئی۔ جبکہ بھوک سے بے حال عوام پر اسرائیلی حملوں میں مزید 52فلسطینی شہید ہوگئے۔ قحط سے اموات کی تعداد 217ہو گئی جن میں 100بچے بھی شامل ہیں، برطانیہ، ڈنمارک، فرانس، یونان و دیگر ممالک نے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا کہ اسرائیل امدادی سامان پر پابندیاں ختم، غزہ سٹی پر قبضے کا فیصلہ فوری واپس لے۔ ادھر دنیا بھر میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ بیونس آئرس، لندن، استنبول سمیت دنیا کے بڑے شہروں میں مظاہرین نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ غزہ پر اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ ختم کرائیں، انسانی امداد کی آزادانہ فراہمی یقینی بنائیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں اسرائیل کے غزہ سٹی پر قبضے اور تقریباً دس لاکھ فلسطینیوں کی زبردستی بے دخلی کے منصوبے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں غزہ سٹی پر اسرائیل کے قبضہ منصوبے پر شدید تنقید کی گئی۔