لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک پر سرمایہ داروں جاگیرداروں اور اسٹیبلشمنٹ کا تسلط ہے۔ حکمران تعصبات پیدا کرکے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔صوبائی اور لسانی تعصبات سے لوگوں کے درمیان نفرتیں پھیل رہی ہیں جو قومی وحدت اور یکجہتی کیلئے انتہائی مہلک ہیں۔فوجی آپرپشنز سے آج تک کوئی مسئلہ حل نہیں ہوسکا اور نہ آئندہ ہوگا۔لوگوں کو احساس تحفظ دیا جائے تو معاملات خود بخود بہتر ہوسکتے ہیں۔سیاسی ڈان بد دیانتی کے کام انتہائی دیانتداری سے کررہے ہیں۔جماعت اسلامی کا نومبر میں لاہور میں ہونے والا اجتماع عام قومی تاریخ کا دھارا موڑ دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں حلقہ لاہور تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا ء الدین انصاری ایڈووکیٹ، سیکریٹری اظہر بلال، اوردیگر راہنما بھی موجود تھے۔