• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدرسہ باہمی مشاورت سے منتقل کیا، طلال، مسجد کی شہادت افسوسناک، علماء

اسلام آباد ( نیو زرپورٹر / خصوصی نامہ نگار) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مری روڈ مدرسہ باہمی مشاورت سے منتقل کیا گیا جبکہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،مولانا انوار الحق،مولانا سعید یوسف،مولانا محمد حنیف جالندھری ، جے یوآئی ف کے رہنما مفتی عبداللہ، تحریک تحفظ ناموس رسالت پاکستان اور دیگر جماعتوں نے اسلام آباد میں مدنی مسجد کی شہادت کو افسوسناک،قابل مذمت اور اشتعال انگیز قرار دیا  اور  مطالبہ کیا کہ مسجد و مدرسہ کو اپنی جگہ پر دوبارہ تعمیر کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مری روڈ پر واقع مدرسہ کو مدرسہ انتظامیہ کی مکمل مشاورت اور رضامندی سے منتقل کیا گیا ہے۔ نئے مقام پر 4؍ کروڑ روپے کی لاگت سے جدید طرز کا مدرسہ تعمیر کیا گیا ہے، جہاں تقریباً 200 طلبہ کے لیے رہائش، کھانے پینے اور دینی تعلیم کی بہترین سہولتیں موجود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرین بیلٹ یا غیر مجاز جگہوں پر موجود مدارس یا مساجد کو منتقل کرنے عمل علما کرام اور انتظامیہ کی مشاورت سے ہی کیا جائے گا۔ مدارس و مساجد کے بارے میں بے بنیاد افواہیں پھیلانے سے گریز کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،مولانا انوار الحق،مولانا سعید یوسف،مولانا محمد حنیف جالندھری اور دیگر نے اسلام آباد میں سی ڈی اے کی جانب سے مدنی مسجد کی شہادت کو افسوسناک، قابل مذمت اور اشتعال انگیز قرار دیا اور کہا کہ ملک بھر میں شدید تشویش و اضطراب پایا جاتا ہے اور اس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ مسجد و مدرسہ کو اپنی جگہ پر دوبارہ تعمیر کیا جائے۔ جے یوآئی ف اسلام آ باد کے رہنما مفتی عبداللہ نے بتایا ہے کہ مسجد قیام پاکستان کے پہلے کی تعمیرکردہ ہے۔ ادھر مرکزی صدر تحریک تحفظ ناموس رسالتؐ پاکستان علامہ قاری نوید مسعود ہاشمی اور جنرل سیکریٹری حافظ احتشام احمد نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ اقدام کو ملک دشمنی قرار دیا اور کہا کہ مسجد کا انتظام محکمہ اوقاف چلا رہی تھی اور اس مسجد کا خطیب بھی سرکاری تھا ، ایسی مسجد کو بھی شہید کرنا جرم ہے۔دوسری جانب لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبد العزیز نے مسجد شہید کرنے کیخلاف باہر نکلنے کی کال دے دی ہے ۔ مدنی مسجد سے قائد اسلام آباد امیر جمعیت علماء السلام اسلام آباد  مولانا مفتی محمد اویس عزیز نے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ پیر   کو جلوس کی شکل میں راول ڈیم چوک پہنچیں گے اور ایک بجے دن اس جگہ پر مسجد کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔

ملک بھر سے سے مزید