کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات و ٹارنسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کی مثال دنیا میں منفرد ہے جہاں مندروں، گرجا گھروں اور دیگر مذہبی مقامات کو سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے، جبکہ بھارت میں اقلیتوں کی جان و مال کا کوئی تحفظ نہیں۔ کراچی بڑی قربانیوں کے بعد امن میں آیا ہے اور اب کسی قیمت پر ہم اس امن کو خراب نہیں ہونے دیں گے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے بھی پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق دینے پر زور دیا تھا، اور یہ اصول آئین پاکستان میں بھی درج ہے۔ پیر کو سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان میں، بالخصوص سندھ میں، ہمیشہ اقلیتوں کو عزت، تحفظ اور نمائندگی دی گئی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے اقلیتوں کو نہ صرف ریزرو سیٹس بلکہ جنرل سیٹس پر بھی نمائندگی دی۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ مہیش کمار ملانی، گیانچند ایسرانی اور ہری رام کو جنرل نشستوں پر منتخب کرایا گیا۔ اسی طرح سینیٹ میں کرشنا کولہی کو ان کے روایتی لباس میں سینیٹ میں نمائندگی دلوانا بھی پیپلز پارٹی کی قیادت کا فیصلہ تھا، جو دنیا بھر میں سراہا گیا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے جب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا تو پروگرام کے ابتدائی مستفیدین میں بڑی تعداد اقلیتی برادری سے تھی۔