اسلام آ باد ( رانا غلام قادر، صباح نیوز ) وفاقی وزیر قانون و انصاف سنیٹر اعظم نذیر تارڑ اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایک بار پھر اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کی باضابطہ دعوت دیدی ،قومی اسمبلی کے اجلاس میں منگل کو پی ٹی آئی کے ارکان نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج کیااور اجلاس سے واک آؤٹ بھی کیا، اسدقیصر نے کہا کہ عمران کی بہنوں اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات نہ ہوئی تو پھربائیکاٹ ہوگا ، عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود قائد سےنہیں ملوایا جا رہا جبکہ سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ آئین، قانون، پارلیمانی روایات اور قواعد سب کیلئے یکساں ہیں، مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے چاہئیں،سہولت کاری کیلئے تیار ہوں ، اجلاس کا آغاز ہوتے ہی اپوزیشن رکن اسد قیصر نے نکتہ اعتراض پر اراکین کے استحقاق کا معاملہ اٹھایا۔اسد قیصر نے کہا کہ جیل مینوئل کے تحت عمران خان سے ملاقات ہمارا استحقاق ہے لیکن حکام ملاقات کی اجازت نہیں دیتے، ہم اس ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے بہنوں اور ایم این ایز کو ملنے نہیں دیا گیا تو ہم پھر اجلاس کا بائیکاٹ کرینگے ، چیف وہپ عامر ڈوگر نے شکوہ کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ہمارے قائد سے ہمیں نہیں ملوایا جا رہا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس پر پورے ایوان کو استحقاق کمیٹی بنایا جائے،ایک سپرٹینڈنٹ جیل ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو ملاقات کی اجازت نہیں دیتاایوان کی کمیٹی بنا کر سپرنٹنڈنٹ کو طلب کر کے وضاحت لی جائے۔