کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد سے متصل پارک میں چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیرِ صدارت لیگل ایڈ کمیٹی اور لائرز فورم کایوم آزادی کی مناسبت سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال، عدالتی نظام اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پوری قوم آزادی کا جشن منا رہی ہے مگر یہ جشن مشنِ آزادی سے جڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی محض اتفاق سے نہیں ملی بلکہ یہ ایک باشعور انتخاب کا نتیجہ ہے جس کے لیے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں، پاکستان کسی جاگیردارانہ جمہوریت یا خاندانی سیاست کے لیے نہیں بنایا گیا تھا،بدقسمتی سے آج بھی کسانوں کی نمائندگی جاگیردار کر رہے ہیں، مزدوروں کی نمائندگی سرمایہ دار کر رہے ہیں اور عوام کی نمائندگی مخصوص خاندان کر رہے ہیں۔چیئرمین ایم کیو ایم نے وکلا برادری پر زور دیا کہ وہ تحریک کے آئندہ کے مرحلے میں صفِ اول کا کردار ادا کریں۔