بٹل ، پشاور ( معین خان سواتی / مانیٹرنگ ڈیسک ) گلیشیئر پگھلنے سے گلگت بلتستان کے علاقے ہنزہ کےگلمت گوجال نالے میں اچانک سیلابی ریلا آگیا، جس کے باعث اچانک ہر طرف افراتفری مچ گئی۔اچانک ریلا آنے کے بعد واٹرچینل پر کام کرنے والے 50افراد نے بمشکل اپنی جانیں بچائیں۔سیلابی ریلےکے ساتھ پہاڑی پتھر آنے سے شاہراہ قراقرم بھی کئی مقامات سے بند ہوگئی جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر مسافر پھنس گئے۔ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ گلمت گوجال نالے میں طغیانی سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں، سیلابی ریلے سے واٹر چینلز، زرعی اراضی، تیار فصلوں اور مکانات کو نقصان پہنچا۔ترجمان نے بتایا کہ بلتستان کے علاقے شگر میں بھی سیلاب سے درخت ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔