اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہنگامی موسمی صورتحال میں خطرے سے دوچار علاقے کے لوگوں کے لئے پیشگی آگاہی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں و سیلابی صورتحال کے متاثرین کی مدد و بحالی میں این ڈی ایم اے صوبوں کے ساتھ تعاون مزید مربوط بنائے۔ وزیراعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روز این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کی جنہوں نے اسلام آ باد میں وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کو ملک میں حالیہ بارشوں و سیلاب کے متاثرین کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں و آئندہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔