• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت منصوبہ بندی کا PSDP فنڈز کے اجراء کی حکمت عملی پر اعتراض

اسلام آباد (مہتاب حیدر) وزارت منصوبہ بندی نے وزارت خزانہ کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے فنڈز جاری کرنے کی حکمت عملی پر اعتراض کیا ہے اور تجویز دی ہے کہ موجودہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی میں فنڈز کا بڑا حصہ جاری نہ کیا جائے۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چوتھی سہ ماہی (اپریل تا جون) میں 40 فیصد فنڈز کے اجراء کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے اور تجویز دی ہے کہ مالی سال 2026 کی دوسری، تیسری اور چوتھی سہ ماہی میں فنڈز کو اسی حساب سے جاری کیا جانا چاہیے۔ ماہانہ ڈویلپمنٹ اپڈیٹ کے اجرا کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ چوتھی سہ ماہی میں 40 فیصد فنڈز جاری کرنے کے بجائے 30 فیصد فنڈز جاری کیے جانے چاہئیں۔ تیسری سہ ماہی میں بھی 30 فیصد جبکہ دوسری سہ ماہی میں 25 فیصد فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ پی ایس ڈی پی اخراجات کے استعمال کو بہتر بنایا جا سکے۔ وزارت خزانہ نے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کی ایک حکمت عملی جاری کی ہے جس کے تحت مالی سال 2025-26 کے لیے منظور شدہ منصوبوں کے لئے پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی بجٹ کے فنڈز پلاننگ، ڈویلپمنٹ اینڈ اسپیشل انیشی ایٹوز ڈویژن کی جانب سے درج ذیل شرح سے جاری کیے جائیں گے: پہلی سہ ماہی میں 15 فیصد، دوسری سہ ماہی میں 20 فیصد، تیسری سہ ماہی میں 25 فیصد، اور چوتھی سہ ماہی میں 40 فیصد۔ وزیر نے کہا کہ حکومت نے برآمدات بڑھانے کے لیے خام مال کی درآمدات پر ٹیرف لائنز اور ڈیوٹیز کم کر دی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید