اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ نے نو مئی کے جلاؤ گھیراؤ اور دہشت گردی سے متعلق مقدمات میں پی ٹی آئی کے سابق سربراہ ،ملزم عمران خان کی ضمانت سے متعلق فوجداری مقدمات میں 8 اپیلوں کی سماعت کے دوران حکومت پنجاب کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19اگست تک ملتوی کردی ہے ،دوران سماعت چیف جسٹس یحیٰ آفریدی نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا ضمانت کے مقدمات میں حتمی آبزرویشن دی جا سکتی ہے ؟ اس فیصلے میں فائنڈنگز ٹھیک ہیں یا نہیں، اس کو فی الحال ٹچ نہیں کریں گے، دونوں فریقین کے وکلاء قانونی سوالات پر عدالت کی معاونت کریں،چیف جسٹس یحی آفریدی کی سربراہی میں جسٹس محمد شفیع صدیقی اورجسٹس گل حسن اورنگزیب پر مشتمل تین رکنی بنچ نے منگل کے روز لاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں کیخلاف دائر ملزم عمران خان کی اپیلوں کی سماعت کی تو اسپیشل پراسیکیوٹر، پنجاب ذوالفقار نقوی اور ملزم کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے،چیف جسٹس نے ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں فائنڈنگز دی ہیں۔