اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات وقاص اکرم شیخ آج قومی اسمبلی کی رکنیت سے محروم ہو سکتے ہیں،وہ لگاتار چالیس دن اجلاس سے بلا رخصت غیر حاضر رہے،قومی اسمبلی آج انکی قسمت کا آئین کی دفعہ 64 کے تحت کھلے اجلاس کی راے شماری سے کرےگی ،وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے حکومتی ارکان کو لازما حاضری کی درخواست کر دی ،تحریک انصاف کے ارکان شدید ہنگامہ آرائی کرینگے، تحریک انصاف کے اہم رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم کی رکنیت ختم کرنے کی تحریک پر قومی اسمبلی کا ایوان آج (بدھ) فیصلہ کرے گا۔ ان پر قومی اسمبلی کے اجلاس میں40دنوں سے زیادہ ایام تک مسلسل غیر حاضر رہنا ثابت ہو چکا ہے۔ پارلیمانی ریکارڈ کے مطابق گزشتہ جون تک ان کی 40روز کی مسلسل غیر حاضری ثابت ہو چکی تھی۔ ڈسکہ سے رکن قومی اسمبلی پاکستان مسلم لیگ (ن) محترمہ نوشین افتخار سید نے اس حوالے سے تحریک ایوان میں پیش کی تھی جو پچھلے ہفتے دائر کی گئی تھی۔ اس تحریک کو بدھ کے ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ شیخ وقاص اکرم این اے109جھنگ2سے قومی اسمبلی کے رکن گزشتہ سال فروری کے انتخابات میں بنے تھے۔ وہ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ہیں اور پچھلے سال سے پشاور میں اقامت پذیر ہیں جہاں تحریک انصاف کی حکومت ہے۔